مجھے لوگوں کی باتوں کی پرواہ نہیں اور اپنی زندگی بہتر طریقے سے گزار رہی ہوں، ہرنام کور
نئی دہلی: کیا کبھی آپ نے کسی خاتون کے چہرے پر داڑھی دیکھی ہے اگر نہیں تو اس بھارتی لڑکی کو دیکھئے جس نے دنیا کی پرواہ نہ کرتے ہوئے مردوں کی طرح داڑھی رکھ لی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی نژاد برطانوی دوشیزہ 23 سالہ ہرنام کور 11 سال کی عمر سے ’’پولیسسٹک اوویری سنڈروم‘‘ کے مرض میں مبتلا ہے جس کے باعث اس کے جسم کے بیشتر حصوں پر مردوں کی طرح بال نکل آئے، ہرنام کور کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پہلے اس کے چہرے پر مردوں کی طرح بال نکلنا شروع ہوئے اس کے بعد سینے اور بازؤں پر بھی بال نکل آئے جنہیں صاف کرنے کے لئے اس نے مختلف طریقے استعمال کئے تاہم اس کی ہر کوشش ناکام ہوگئی اور بال صاف ہونے کے بعد دوسرے دن پھر نکل آتے تھے۔
ہرنام کور نے کہا کہ شروع میں بطور لڑکی جسم پر مردوں کی طرح بالوں کے باعث اسے رشتے داروں، محلے اور تعلیمی اداروں میں عجیب نظروں سے دیکھا جاتا تھا جس پر وہ بہت مایوس ہوگئی تھی اور تو اور بعض لوگوں نے قتل کرنے کی دھمکی تک دے ڈالی۔ اس کا کہنا تھا کہ کیوں کہ اس کا تعلق سکھ مذہب سے ہے لہٰذا اسے بال صاف کرنے میں مذہبی طور پر بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیوں کہ ہمارے مذہب میں جسم کے کسی بھی حصے کے بال کاٹنا جائز نہیں جس پر میں نے قدرت کے اپنی منفرد تخلیق کے فیصلے کو قبول کرلیا۔
ہرنام کور کا کہنا تھا کہ انہیں اب لوگوں کی باتوں کی کوئی پرواہ نہیں اور میں نے قدرت کے اس فیصلے کو تسلیم کرکے داڑھی رکھ لی ہے، پہلے مجھے خود سے نفرت تھی لیکن اس فیصلے کے بعد اب میں اپنے آپ سے محبت کرتی ہوں۔
0 comments:
Post a Comment