اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پینشن میں اضافے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں اور سرکاری ملازم آئندہ وفاقی بجٹ سے کوئی توقع نہ رکھیں تاہم بجٹ میں ارکان پارلیمنٹ کے لئے 2،2 کروڑ روپے کا ترقیاتی فنڈ مختص کیا جائے گا۔
قومی اسمبلی میں اپنے تحریری بیان میں وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے حکومت سنبھالی تو ملکی معیشت زبوں حالی کا شکار تھی لیکن حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے معیشت مستحکم ہورہی ہے اور دنیا کا پاکستان پر اعتماد بحال ہورہا ہے، حکومت عالمی اداروں سے معاہدے کی پاسداری کرے گی. انہوں نے کہا کہ فرینڈز آف ڈیموکریٹک پاکستان نے 6 ارب ڈالرز سے زائد دینے کاوعدہ کیا تھا لیکن ہمیں صرف 34 کروڑ ڈالرز دیئے گئے، 14-2013 کے دوران اب تک حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے 3ارب 37 کروڑ 70 لاکھ ڈالر جبکہ 71 کروڑ 40 لاکھ ڈالر اندرونی قرضہ لیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دوست ملک کی جانب سے ڈیڑھ ارب ڈالر پاکستانی قوم کے لئے تحفہ ہے، یہ رقم کسی بھی شرط کے بغیر دی گئی ہے اور یہ رقم مرکزی بینک میں منتقل ہوئی ہے چوری چھپے نہیں آئی۔ اس رقم سے کراچی کو موٹروے سے منسلک کیا جائے گا۔ وہ وزیراعظم کی ایما پر یہ بات کہہ رہے ہیں کہ ایسا کوئی معاہدہ یا شرط نہیں کہ پاکستان کسی کو اسلحہ دے گا اور پاکستانی افواج کسی دوسرے ملک میں تعاون کے لئے بھی نہیں بھیجی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے اس قسم کا تحفہ پہلی مرتبہ نہیں آیا، 1998 میں ایٹمی دھماکوں کے بعد پابندیاں لگیں تو سعودی عرب نے 2 ارب ڈالرکا تیل مفت دیا، اس کے علاوہ سابق فوجی آمر نے بھی مفت کے تیل کا فائدہ لیا۔
0 comments:
Post a Comment